ڈائمنڈ کرکٹ کلب کا دورہ کراچی کامیاب رہا 6 ون ڈے میچوں میں سے 5 جیتے : عتیق شیخ
لاہور(نمائندہ سپورٹس) ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے میڈیا مینجر عتیق شیخ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا دورہ کراچی کامیاب رہا ہے۔ کھلاڑیوں نے مختلف ٹیموں کیخلاف مختلف ماحول میں سخت مقابلے کی کرکٹ کھیلی ہے۔ ہم نے دورے میں کھیلے جانیوالے چھ ون ڈے میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ چار ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کر سکے۔ عبدالماجد چھ ون ڈے اور چار ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں مجموعی طور پر انیس وکٹوں کیساتھ سرفہرست رہے۔ بلے باز علی سرفراز چار ون ڈے اور چار ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں مجموعی طور پر 425 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر جبکہ علی ندیم نے دس میچوں میں 327 رنز سکور کیے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کیخلاف مسلسل میچز کھیلنے سے ہماری ٹیم کو بہت تجربہ حاصل ہوا ہے۔ ہم نے زیادہ میچز میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔گذشتہ چند ماہ میں ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے مسلسل اندرون و بیرون ملک دوروں سے کلب کرکٹرز میں بہتر کارکردگی کا جذبہ بڑھے گا۔