• news

پی ایس ایل فائنل: سیاسی خواتین بھی پرجوش، کوئی سٹیڈیم جائیگا توکسی نے گھر میں انتظام کرلیا

لاہور (لیڈی رپورٹر) سیاسی خواتین نے بھی پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے کی تیاریاںمکمل کرلیں۔کوئی سٹیڈیم جاکرمیچ دیکھنے کو بے قرار ہے توکسی نے گھر پر اپنی رشتہ دارخواتین اور سہیلیوںکے ساتھ میچ دیکھنے اور خوشبودار پکوان کھانے کھلانے کی تیاری کررکھی ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نزہت عامر صادق نے بتایا کہ میں اسلام آباد میںاپنے گھرمیںمیچ دیکھوں گی، میںنے اپنی کزنز اور فرینڈز کو بھی مدعوکر رکھا ہے تاکہ ایک ساتھ بیٹھ کرمیچ کو انجوائے کر سکیں مجھے دونوں ٹیمیں عزیز ہیں کیونکہ دونوں ہی ہماری اپنی ہیں۔ جماعت اسلامی کی سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی نے کہاکہ میری پوری فیملی سٹیڈ یم جارہی ہے ، پشاور میراآبائی شہر ہے اورکوئٹہ میرے شوہراوربچوںکاآبائی شہر ہے اس لئے جو جیتا وہی پیارا یعنی تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے۔ پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے بتایاکہ میںگھرپراپنی فیملی کے ہمراہ میچ دیکھوںگی۔ تحریک انصاف شعبہ خواتین پنجاب کی صدرسلونی بخاری اور رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل نے کہاکہ ہم گھر پر میچ دیکھیںگی خوب ہلہ گلہ کریںگے پشاور زلمی کی سپورٹر ہیں، وہی فائنل جیتے گی۔ پی پی کی رہنما مسرت چیمہ نے کہاکہ میں گھر پر میچ دیکھوں گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فیورٹ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے بتایاکہ میںاپنے شوہر اور بچوں اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ سٹیڈیم جارہی ہوں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کروں گی۔ حکومتی پارٹی کی ایم پی اے ڈاکٹر فرزانہ نذیر کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔ پیپلز پارٹی کی جہاں آراء وٹو اور مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹرعالیہ آفتاب نے بتایا کہ میں گھر پر میچ دیکھوں گی، میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرونگی۔ پاکستان عوامی تحریک کی رہنما رضیہ نوید نے بتایا کہ اسلام آباد ہونے کی وجہ سے سٹیڈیم نہیں جاسکتی، جوبھی جیتے، فتح پاکستان ہی کی ہوگی۔ ڈسٹرکٹ ممبر کنول لیاقت نے کہا کہ میرا گھر پر فیملی کے ہمراہ میچ دیکھنے اور خوب روایتی کھانے تیارکرنے کا پروگرام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن