حکمران لاہور میں پی ایس ایل فائنل کی خوشی کے شادیانے بجا کر لواحقین شہداء کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں: جمشید دستی
ملتان (سپیشل رپورٹر) عوامی راج پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ لاہور سمیت دیگر سانحات میں شہید ہونے والے شہداء کے لواحقین کے گھروں میں ماتم کی فضا ہے لیکن حکمران لاہور میں پی ایس ایل فائنل کی خوشی کے شادیانے بجا کر لواحقین شہداء کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ مقامی ہوٹل میں میڈیا اور معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمشید دستی نے ہوٹل پر چائے بنا کر مسافروں کو چائے پیش کی اور ہوٹل مالک کو پانچ سو روپے نقد دیئے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی خطہ کے عوام 70 سالوں سے تخت لاہور کے ظلم کا شکار ہیں اب صورتحال یہ ہے کہ فوڈ اتھارٹی کے نام پر غریب عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور ان پر ہزاروں روپے کے جرمانے کئے جا رہے ہیں جو ساری رقم شریف برادران کی جیبوں میں جارہی ہے سی پیک منصوبہ سے معیشت مستحکم ضرور ہو گی لیکن اس کا فائدہ سرائیکی خطہ کو نہیں ہو گا کیونکہ ملتان‘ بہاول پور‘ ڈی جی خان ڈویژنوں میں ایک بھی صنعتی زون بنایا گیا اگر ان علاقوں میں صنعتی زون بن جاتا تو اس خطہ کے اڑھائی لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار مل جاتا۔