• news

مسلم لیگ (ن) کا اہم تنظیمی عہدیدار انوار راجہ تحریک انصاف میں شامل، جہانگیر ترین کی مبارکباد

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت سے حکمران جماعت کا ایک اہم تنظیمی عہدیدار تحریک انصاف میں شامل ہوگیا۔ سنٹرل وائس پریذیڈنٹ مسلم لیگ (ن) محمد انوار الحق شہزاد راجہ نے گزشتہ روز جنرل سیکرٹری تحریک انصاف جہانگیر ترین سے انکی رہائشگاہ پر مسلم لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف کا باقاعدہ حصہ بننے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کیپیٹل ریجن کے صدر راجہ خرم نواز، جنرل سیکرٹری اسلام آباد ریجن شہزاد گل، چیئرمین یونین کونسل 1 پی ٹی آئی شیراز کیانی و دیگر موجود تھے۔ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے محمد انوار الحق شہزاد راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکمران جماعت کی اپنوں کو نوازنے اور من پسند افراد کے علاوہ ورکروں کے دھتکارنے کی جاری پالیسی سے لیگی ورکرز ذہنی کشمکش کا شکار ہیں، میں اور میرا خاندان ازل سے مسلم لیگ سے وابستہ رہے لیکن اب وقت آگیا تھا کہ تبدیلی کا ساتھ دیا جائے۔ محمد انوارالحق شہزاد راجہ چیئرمین حج اوقاف اینڈ مذہبی امور،چیئرمین ویلفیئر کونسل کے عہدوں پر بھی سماجی خدمات ادا کر چکے ہیں، اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی جہانگیر ترین نے محمد انوارالحق شہزاد راجہ کو حق اور باطل کی پہچان کرنے اورپی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن