پی ایس ایل فائنل سے پا کستان کو تنہا کرنے کی سازش ناکام ہو جائیگی: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)چیف آف جھالاوان وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ پا کستان سپر لیگ کے فائنل کا لاہور میں انعقاد خوش آئند ہے اس سے پوری دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستانی دہشت گردی کے خلاف متحد اور اس کے خا تمے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا، پی ایس ایل کے فائنل کو کوئٹہ میں بڑی سکرینوں پر دکھا یا جائے تاکہ عوام کو معیاری تفریح فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کو اسلام آباد میں نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو اورمحکمہ کھیل بلوچستان کو پی ایس ایل کا فائنل کوئٹہ میں دکھا نے کیلئے جاریکردہ احکا مات میں کہی۔ انہوں نے سیا سی و عسکری قیادت کے پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں منعقد کروانے کو جرت مندانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے اس فیصلے کو خیر مقدم کرتے ہوئے اسے سراہا ہے پی ایس ایل کے فائنل کے لاہور میں انعقاد سے پاکستان میں ایک بار پھر بین القوامی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی کہ اگرکوئٹہ گلیڈٖی ایٹرز پی ایس ایل کا فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرے تاہم اگر پشاور زلمی بھی جیتتا ہے تو یہ بھی پورے پا کستان کی جیت ہوگی نواب ثناء اللہ زہری نے مزید کہا کہ جو منفی پراپیگنڈا پاکستان کے خلاف کیا جا رہا ہے کہ یہاں دہشت گردی اور بدامنی کی وجہ سے انٹرنیشنل ٹیمیں نہیں آتیں اور کھلاڑی غیر محفوظ ہیں۔ پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں ہونے سے یہ مثبت پیغام دنیا بھر میں جائے گا کہ انٹر نیشنل کمیونٹی اور کرکٹ کے حوالے سے پاکستان محفوظ ملک ہے اور اس میگا ایونٹ کے انعقاد سے دشمن کا منفی پراپیگنڈا اور پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش ناکام ہو جائیگی۔ واضح رہے پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو فائنل میچ میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے، وزیراعلیٰ فائنل میچ میں پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے خود وہاں موجود ہونگے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ بعض صوبائی وزراء بھی لاہور آئیں گے۔وزراء اور ارکان اسمبلی بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم فائنل ضرور جیتے گی مگر بد قسمتی سے لاہور میں پشتونوں کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ ناقابل برداشت ہے۔ ارکان اسمبلی کو فائنل میں شرکت کی دعوت نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے عوام اور ان کے نمائندے پی سی بی کے روئیے پر ناراض ہے۔ صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی، نصراللہ زیرے، ولیم برکت اور منظور کاکڑ نے کہا لاہور کے بجائے کوئٹہ یا پشاور میں پی ایس ایل کا فائنل ہوتا تو ہمیں بہت خوشی ہوتی۔ صوبائی وزیر و ثقافت میر مجیب الرحمان محمد حسنی نے کہا پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور جا کر دیکھنے کی خواہش تھی مگر انہیں ٹکٹ نہیں مل سکے۔