ماموں کانجن : مقابلے میں سی ٹی ڈی انسپکٹر شہید‘ دو دہشت گرد ہلاک‘ ڈی ایس پی سمیت چار افراد زخمی‘ کومبنگ آپریشن جاری چار سو بانوے مشتبہ گرفتار
لاہور/ ماموں کانجن/ پشاور(سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار + ایجنسیاں) ماموں کانجن میں حساس اداروں کی دہشت گردوں کی آماجگاہ پر کارروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک جبکہ انسپکٹر شہےد، ڈی اےس پی اور دےگر دو افراد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کی ملک بھر میں دہشت گردوں اور مشتبہ افراد کے خلاف کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں اور کومبنگ آپریشن کے دوران 492 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق گذشتہ روز رات گئے سی ٹی ڈی کی سپےشل فورسز نے ڈی اےس پی اقبال جوئےہ کی سربراہی میں تھانہ ماموں کانجن، گڑھ، ہڑپہ کی پولےس نے نواحی علاقہ موضع بستی جموں کے دلو میں دربار صلاح الدین کے قرےب دہشت گردوں کی آماجگاہ پر چھاپہ مارا جس پر دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس کے نتےجہ مےں انسپکٹر فدا حسےن موقع پر ہی شہےد ہو گئے جبکہ ڈی اےس پی اقبال جوئےہ، کھوجی پپو اور فورسزکا ایک جوان شدےد زخمی ہو گئے۔ مقابلہ کے دوران دو دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دےا گےا جن کے قبضہ سے تےار بم اور بم بنانے والے آلات، بال بےرنگ، کےمےکل، پٹرول بم بنانے والے، بےٹرےاں و دےگر آلات کی کثےر تعداد برآمد کر لی گئی۔ اے این این کے مطابق 4 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔ ٹیم ریڈ کرنے پاکپتن سے ماموں کانجن گئی تھی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کا ایک افسر فدا حسین شہید دو افسر اقبال جوئیہ اور محمد رمضان اور کھوجی احمد یار شدید زخمی ہوگئے۔ سی ٹی ڈی، تھانہ ہڑپہ اور تھانہ گڑھ پولیس نے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھا اور بڈھ بیلہ چراہ گاہ میں مقابلہ کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ سول ہسپتال ساہیوال میں کھوجی احمد یار کی حالت نازک ہے۔ سمندری سے نامہ نگار کے مطابق انسپکٹر فدا حسین ایم این اے چودھری شہباز کے تایازاد بھائی ہیں۔ چناب نگر میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے چناب پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دھماکہ خیز مواد اپنے کمپیوٹر باکس میں چھپا رکھا تھا۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری سمیت 70 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد سے 2 پستول اور درجنوں کارتوس، چرس اور شراب بھی برآمد ہوئی۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق دلیوالہ کلور کوٹ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 24 مشکوک افراد سمیت 2 اشتہاری ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ نورپور تھل سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے تھانہ کی حدود میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران چار اشتہاری اور دو افغانی گرفتار کرلئے۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق ایچ ایس او تھانہ صدر نے حساس اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا اور 35 افراد کی بائیو میٹرک چیکنگ کے دوران 5 مشکوک افراد گرفتار کرلئے۔ کراچی سے کرائم رپورٹر کے مطابق کراچی میں بھی آپریشن ردالفساد کے تحت پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 327 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جن سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ لاہور سٹاف رپورٹر کے مطابق مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، حراست میں لئے گئے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ شفیق آباد، لاری اڈا، فیکٹری ایریا، گلبرگ، مزنگ، مصطفی آباد، شالیمار، باغبانپورہ، یوحنا آباد، اسلام پورہ، ساندہ، بند روڈ کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 58 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ جلالپور جٹاں سے نامہ نگار کے مطابق آپریشن ردالفساد کے دوران رینجرز اور پولیس نے جلالپور جٹاں میں سرچ آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ صدام، مشتاق وغیرہ کو 2 سیاسی شخصیات کے ڈیروں اور ملحقہ آبادی سے پکڑا۔ مصطفی آباد/ للیانی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تھانہ مصطفی آباد نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ آپریشن کیا اور دفتوہ، ستوکی، حویل ملونوالیاں والی میں گھر گھر تلاشی کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں دو افراد صابرعلی اور شان کو گرفتار کرلیا۔