دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صرف آپریشن ردالفساد کافی نہیں: سمیع الحق
لاہور/ نوشہرہ (آئی این پی) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں‘ امریکہ سمیت کئی طاقتیں پاک افغان تعلقات کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں حکمرانوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا ہوگا‘چند دہشت گردوں کے لئے مہاجرین کو ناکردہ گناہوں کی سزا نہ دی جائے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلی فونک گفتگو میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے۔ دریں اثناء انہوں نے دارالعلوم اسلامیہ نوشہرہ کے اضا خیل بالا کے سالانہ علمی اور روحانی اجتماع میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں نے دہشت گردی کے ذریعہ پاکستان کو دارالفساد بنادیا ہے اس کا علاج صرف رد الفساد آپریشن نہیں بلکہ غیروں کے مسلط کردہ فساد سے ملک کو نجات دینا ہے۔ امت اور عالم اسلام کا تحفظ صرف اور صرف جہاد سے ہوسکتا ہے۔ اجتماع سے پیر عزیز الرحمن ہزاروی، مولانا حامد الحق حقانی، مولانا انوار الحق، مولانا سید یوسف شاہ،ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا عبدالحلیم، وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے فرزند اسحاق خٹک اور دیگر نے خطاب کیا۔