کانسٹیبل نے چھٹی نہ ملنے پر خود کو گولی مار لی ‘خاتون سمیت5افراد کی خود کشیاں
شیخوپورہ/ جنڈیالہ شیر خان/ نارنگ منڈی (نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) پولیس کانسٹیبل اور خاتون سمیت مختلف شہروں میں 5 افراد نے خودکشی کر لی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگارخصوصی کے مطابق غازی مینارہ ریلوے پھاٹک کے قریب 26 سالہ نوجوان نے کراچی سے لاہور جانیوالی قراقرم ایکسپریس کے آگے چھلانگ لگا دی جس سے اس کی گردن دھڑ سے جدا ہو گئی تاہم آخری اطلاعات تک نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق سرحدی علاقہ میں 22سالہ شخص محمدنعیم نے گند م میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کاخاتمہ کر لیا۔ متوفی قصور کا رہنے والا تھا۔ نارنگ منڈی پولیس مصروف تفتیش ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ مکوآنہ میں تعینات کانسٹیبل ظفر عباس نے ایس ایس پی محبوب رشید کی جانب سے چھٹی نہ دینے پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل ظفر عرصہ دراز سے بیمار تھا لیکن میڈیکل سرٹیفکیٹ دکھانے کے باوجود اسے چھٹی نہیں دی گئی‘ کانسٹیبل ظفر فیصل آباد کے نواح 148ر ب کا رہائشی تھا۔ فیصل آباد سے ٹھیکریوالہ کے رہائشی اشرف عبدالرشید نے معمولی تلخ کلامی پر گھروالوں سے جھگڑ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ کمیر سے نامہ نگار کے مطابق گائوں 124/9 ایل میں خاوند سے جھگڑے کے بعد اہلیہ نے گلے میں پھندا ڈال کر گاڈر سے لٹک کر جان دے دی۔ تین سال قبل آسیہ کی شادی شاہد سے ہوئی تھی ان کے ہاں ایک بچی پیدا ہوئی شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا معمول بن گیا تھا۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ جیل میں حوالاتی کی خود کو بلیڈ مار کر خودکشی کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ ضیا الدین کالونی دیپالپور کا رہائشی افضال منظور ایک مقدمہ میں ڈسٹرکٹ جیل میں بند تھا جس نے اپنے آپ کو بلیڈ مار کر شدید زخمی کر لیا جسے جیل وارڈن نے بچا لیا۔ پولیس تھانے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اوکاڑہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔