پاکستان سی پیک کی تکمیل سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا: صدر ممنون
بہاولپور (آن لائن+ نامہ نگار) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سی پیک کے مکمل ہونے پر ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا نظر آئے گا اس عظیم منصوبے سے لاکھوں لوگوں کو روز گار ملے گا۔ ملک کا تعلیمی نصاب فرسودہ ہو چکا ہے وفاقی وزیر مملکت بلیغ الرحمن نیا نصاب تیار کر رہے ہیں جو جدید تقاضوں کو پورا کرے گا پرائمری ایجوکیشن کی ذمہ داری خواتین کے سپرد کر دیں گے کیونکہ خواتین زیادہ بہتر نتائج دینگی وہ سرکٹ ہائوس بہاولپور میں اراکین اسمبلی اور مسلم لیگی ورکرز سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگلے سال لوڈشیڈنگ تقریباً ختم ہو جائے لوگوں کو صحیح صورتحال بتائیں لوگ جھوٹے الزامات لگاتے ہیں ان کو جواب دیں ان کو شرمندہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سمت بالکل درست ہے 2018ء میں پاکستان یقیناً ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اور تعلیم کو نیشنلائز کرنے سے بہت نقصان ہوا۔ پی آئی اے میں آج 40 میں 30 جہاز کام کرتے ہیں 18000 ملازم ہیں۔ ایک زمانے میں پی آئی میں غیر ضروری نوکریاں دی گئیں، ماضی میں پاکستان ریلوے میں بڑے خراب فیصلے کیے گئے 12 سے 14 سال ضائع کیے گئے۔ کالا باغ کے علاوہ دیگر ڈیم کیوں نہیں بنائے گئے بجلی کا کوئی منصوبہ کیوں نہیں لگایا گیا۔ این آر او کے تحت 7 ہزار مجرم جیلوں سے نکل گئے ملک کو سیدھے راستے پر لانے کے لیے دو سے تین سال لگے آج ملک خرابیوں سے نکل کر اچھائیوں کے راست پر گامزن ہیں۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین اپنے قریبی دوست اور بزنس مین حافظ ایاز اللہ خان کے بیٹے حمزہ کی شادی میں شرکت کیلئے بہاولپور پہنچے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے دوپہر کا کھانا وہیں کھایا اور میئر بہاولپور عقیل نجم ہاشمی، ڈپٹی میئر ملک منیر اقبال چنڑ سمیت یونین کونسل کے چیئرمینوں سے بھی ملاقات کی۔ بعدازاں صدر نے شادی کی تقریب میں شرکت کی۔