• news

کامیاب میچ امن دشمنوں کیلئے پیغام‘ دہشت گرد ملک چھوڑ جائیں ورنہ تباہ ہو جائیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ سپر لیگ کا فائنل مائوں، بہنوں، بیٹیوں اور بزرگوں کی دعائوں سے کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہے۔ بلاشبہ یہ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں تھا بلکہ یہ میچ پاکستان دشمنوں کے خلاف تھا۔ مقابلے میں پاکستان کے 20کروڑ عوام سرخرو ہوئے۔ میچ میں پاکستان جیتا ہے اور اس کے دشمن کی ہار ہوئی ہے۔ پاکستان کو کامیابی ملی ہے جبکہ اس کے مخالفوں، دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو شکست ہوئی ہے۔ کامیاب میچ کا انعقاد امن کے دشمنوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ دہشت گرد اور انتہا پسند ملک چھوڑ جائیں ورنہ وہ تباہ ہو جائیں گے۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا اور وہ دن ضرور آئے گا جب پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا اور یہ ملک صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنے گا۔ فائنل میچ میں پشاور سے کراچی تک پوری قوم یکجان دو قالب نظر آئی اور قومی وحدت کا بھرپور اظہار ہوا۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل میچ کے انعقاد کے لئے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس میچ کے انعقاد کے حوالے سے نئی امید باندھی اور بھرپور تعاون کیا۔ آرمی چیف اور کور کمانڈر لاہور نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ میگا ایونٹ کی کامیابی ان شہیدوں اور غازیوں کے نام کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے اور اپنے لہو سے اپنے وطن کی آبیاری کی۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔ میں ان غیر ملکی مہمانوں اور کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان آ کر دوستی کا حق نبھایا۔ خاص طور پر ویون رچرڈ، ڈیرن سیمی اور دیگر غیر ملکی مہمانوں اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بعض نادان دوستوں نے اپنے غلط بیانات دے کر غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوفزدہ بھی کیا جس بنا پر کچھ کھلاڑی ڈر گئے اور پاکستان نہیں آئے۔ وزیراعظم، آرمی چیف اور اپنے دوست وزیر داخلہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ یاد دہانی کے بغیر فضائی نگرانی کے لئے ہیلی کاپٹر مہیا کئے۔ فوج اور پولیس کے افسران اور پوری عوام کل یکجان دو قالب نظر آئے اور اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ پنجاب کی ٹیم نے افواج پاکستان اور رینجرز کے ساتھ مل کر اس میچ کو کامیاب بنایا۔ دعا ہے پی ایس ایل کے میچز سندھ، بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب بھر میں ہوں تاکہ پوری قوم کو اس میں شمولیت کا موقع ملے۔ ملک سے ظلم و زیادتی، بربریت اور انتہا پسندی دفن ہو گی۔ میں شعبدہ بازی پر یقین نہیں رکھتا، لوگ مجھے شوباز بھی کہتے ہیں یہ ان کو مبارک ہو، میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں اور ان کی خدمت کرتا رہوں گا۔ فائنل میچ کے حوالے سے عمران اور زرداری کی مخالفت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ان میں سے ایک شخص تو ملک کے نامور کرکٹر رہ چکے ہیں۔ کاش وہ فائنل میچ کے انعقاد کے حوالے سے ایسا بیان نہ دیتے بلکہ انہیں چاہئے تھا کہ وہ اس میچ کو کامیاب بنانے کے لئے آگے بڑھتے اور اپنے دوستوں سے روابط کرکے انہیں یہاں کھیلنے کے لئے لاتے۔ قوم نے فائنل میچ کے انعقاد کے موقع پر جس قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے شائد آنکھ نے پہلے کبھی ایسا منظر نہ دیکھا ہو۔ یو ٹرن کا عادی نہیں ہوں۔ بسنت کے لئے تیار ہوں تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ دھاتی اور کیمیکل ڈور کا خاتمہ ہو۔ جشن بہاراں کی تقریبات کو بھی آگے بڑھائیں گے۔ امن اور خوشحالی کا دور لانے کے لئے پاکستان کے مخالفین کو نیست و نابود اور امن کے دشمنوں کو دفن کرنا ہو گا۔ صنفی مساوات رپورٹ کے اجرا پر خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنائے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا اور نہ ہی ترقی کی منازل تیزی سے طے کر سکتا ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے ایسے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کی خواتین باصلاحیت اور ذہین ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا ہر شعبے میں منوایا ہے۔ یونیورسٹیوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں طالبات کی تعلیم کے شعبہ میں کارکردگی بہت بہتر ہے۔ اس کیلئے مؤثر قانون سازی کی ہے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے بنائے گئے قانون کے بارے میں کچھ واویلا بھی ہوا تاہم جید عملاء سے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا بھی حل نکالا گیا ۔ شہباز شریف سے خیبر پی کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا گورنر خیبر پی کے نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد کرکے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں خادم پنجاب اجالا پروگرام پر عملدرآمد پروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن