• news

مہمند: پاکستانی چوکیوں پر افغانستان سے حملہ پسپا‘ 15 دہشت گرد ہلاک‘ 5 جوان شہید: افغان نائب سفیر کی طلبی‘ شدید احتجاج

اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور ، لاہور (سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی، خصوصی رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) پاک فوج نے افغانستان سے دہشت گردوں کی طرف سے مہمند ایجنسی میں 3 پاکستانی چوکیوں پر حملے کو پسپا کر دیا ہے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوان بھی شہید ہوئے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کی طرف سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کے دوران جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک کر دیئے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں 20 سے زائد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق مارے جانے والوں میں 6 اہم دہشت گرد کوچے باجوڑی، زر محمد عرف موتی، حذیفہ، سنگرے، لاخکاری، سنگین شامل ہیں۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کسی دہشت گردی کو معاف نہیں کریگی۔ شہداء میں نائیک ثناء اللہ، نائیک صفدر، سپاہی الطاف، سپاہی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے مہمند ایجنسی میں گزشتہ رات پاک فوج کی 3 چوکیوں پر حملہ کیا گیا، پاک فوج کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 فوجی شہید ہوئے اور جوابی کارروائی میں 15دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے جوانوں کی قربانیوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مؤثر بارڈر سکیورٹی کیلئے افغان سرحد پر جوانوں کی موجودگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کیلئے جانیں قربان کیں۔ آرمی چیف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد مشترکہ خطرہ ہیں، ان کی بارڈر پر آزادانہ نقل و حرکت کو روکنا ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستانی قوم کا عزم متزلزل کرسکتے ہیں۔ ملک کے دفاع کیلئے بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کی بقا کی ضامن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جان کی قربانی دینے والے جوان قوم کے اصل ہیرو ہیں۔ پاک فوج کے چوکس جوانوں کی وجہ سے پاکستان مضبوط سے مضبوط تر ہوگا، آپریشن ردالفساد ہر دہشت گرد کیخلاف ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں، دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو پھیلانے والوں کو ختم کردیں گے۔ ردالفساد ملک اور بیرون ملک متحرک دہشت گردوں کے خلاف ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند ایجنسی دہشت گرد حملے میں شہید جوانوں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ شہدا کی نمازجنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے‘ کور کمانڈر پشاور جنرل نذیر احمد بٹ‘ اعلیٰ سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انکے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ علاوہ ازیں افغانستان سے پاکستانی چوکیوں پر حملے کے بعد افغان نائب سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان نائب سفیر عبدالناصر یوسفی کو احتجاجی مراسلہ حوالے بھی کیا گیا۔ احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔ افغان نائب سفیر کی گزشتہ رات مہمند ایجنسی میں سرحد پار دہشت گرد حملے سے شہید ہونے والے پانچ فوجی جوانوں کے معاملے پر طلبی کی گئی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد بھی اسی لئے بند کی تاکہ دہشت گرد سرحد کے اس پار نہ آسکیں، افغانستان کو چاہئے کہ اپنی سرحد پر سکیورٹی کا نظام مضبوط کرے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سرحد پار سے مہمند ایجنسی میں حملہ آور ہونے والے دہشت گردوں کیخلاف وطن عزیز اور اپنے عوام کی حفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کر نے والے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے شہداء کی جرأت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔ انہوں نے اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے دم لیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مہمند ایجنسی میں گذشتہ شب پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں پاک فوج کے 5 جوانوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو پہنچنے والے بھاری جانی نقصان پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے نہایت حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور دہشت گردوں کے لیے اب کوئی جائے پناہ نہیں، لہذا وہ سرحد پار سے ہماری سیکورٹی فورسز پر چھپ کر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی زیرصدارت سینٹ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے سرحدی علاقے مہمند ایجنسی میں دہشت گرد حملے کی مذمت اور شہید فوجی اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ گزشتہ رات ایک منظم دہشت گرد حملہ کیا گیا۔ فوج کی 3 چیک پوسٹوں پر حملوں میں 5فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔ یہ ملک میں جاری دہشت گردی کی حالیہ لہر کا تسلسل ہے‘ مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں لاہور، سیہون شریف، چار سدہ سانحات اور مہمند ایجنسی میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پیر کو سپیکر کے کہنے پر لاہور‘ سیہون شریف‘ چارسدہ‘ مہمند ایجنسی، کوئٹہ میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے دو شہدائ‘ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ، پاک افغان بارڈر پر شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں‘ مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے لیفٹیننٹ خاور اور نائیک شہزاد اور سابق سینیٹر نسرین جلیل کے شوہر کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دعا کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن