• news

افغانستان میں 20 دہشتگرد گروہ سرگرم‘ غیرملکی افواج طالبان کی وجہ سے ہیں: اشرف غنی

کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغان صدر اشرف غنی نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں غیرملکی افواج کی موجودگی کی وجہ طالبان ہیں۔ افغانستان میں 20 دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں۔ جو طالبان ہمارے لوگوں کو مار رہے ہیں‘ وہ ہمارے دشمن ہیں۔ ہماری فوج حملہ کرنے والوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دوسروں کی باتوں میں آنے والے نوجوان ملک کے خلاف کام کرنا بند کر دیں۔افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر نے افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کے پاکستانی موقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں 40 سے 45 ہزار دہشتگرد موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر نے ایشین سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کے پاکستا نی موقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں 20 سے زیادہ گروہ موجود ہیں اور اس وقت بھی افغانستان میں 40 سے 45 ہزار دہشتگرد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد گروپوں کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے اور اس گٹھ جوڑ کو توڑنے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مل کر لڑنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن