پی ایس ایل فائنل سے تاریخ رقم‘ آئی سی سی کا ورلڈ الیون بھیجنے پر غور: 4 ٹی 20 کھیلے گی‘ ذرائع کا دعویٰ
لاہور+ اسلام آباد+ دبئی+ دہلی (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس ڈیسک+ نیوز ایجنسیاں) پی ایس ایل فائنل میں قذافی سٹیڈیم میں تاریخ رقم ہوگئی ہے۔ پشاور زلمی کا جیتنا دنیا بھر میں پاکستان کی جیت بن گئی۔ بھارت سمیت عالمی میڈیا میں پی ایس ایل کے چرچے ہوئے۔ عالمی سکیورٹی اداروں نے پی ایس ایل کے انتظامات کو قابل تحسین قرار دیدیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے دنیا بھر کو ملک میں کرکٹ بحالی کا پیغام دیدیا۔ پی ایس ایل نے رکاوٹیں توڑ کر دل جیت لئے‘ پاکستان میں کرکٹ لوٹ آئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان نے سخت سکیورٹی میں کرکٹ کے بڑے ایونٹ کی میزبانی کی۔ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد نے جہاں دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کی وہیں بین الاقوامی میڈیا نے میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کا اعتراف کیا ہے تاہم بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے۔ پاکستان میں پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد پر بھارتی میڈیا کو تو جیسے آگ لگ گئی، دوسرے بھارتی اخبارات کو تو جیسے سانپ ہی سونگھ گیا اور انہوں نے خاموشی اختیار کرنا ہی بہتر سمجھا۔ دوسری طرف بھارتی سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے پی ایس ایل 2017ء کی جیت پر پشاور زلمی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا تھا کہ لاہور میں حیران کن رات ہے۔ بھارتی سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر پی ایس ایل سے متعلق ٹوئٹ کیا۔ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ لاہور میں حیران کن رات ہے۔ انہوں نے پی ایس ایل 2017ء کی جیت پر پشاور زلمی کو مبارکباد بھی دی۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل سے پہلے اختتامی تقریب میںغیر ملکی کھلاڑیوں نے میوزیکل پرفارمنس اور پیرا ٹروپرز کے قذافی سٹیڈیم میں اترنے کے شاندار مظاہرے کو خوب انجوائے کیا۔ ڈیرن سیمی سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے ایس ایس جی پیرا ٹروپرز کی ٹوپیاں پہن کر تصاویر بنوائیں۔ امریی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر پشاور زلمی کے کھلاڑی مارلن سمیوئل نے دو ایس ایس جی کمانڈوز کے ساتھ تصویر بنوائی اور اس تصویر میں خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے ایس ایس جی کمانڈوز سے مشابہ یونیفارم پہنا ہوا تھا۔ تصویر نے سوشل میڈ یا پر دھوم مچادی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ غیر ملکی کھلاڑیوں کی تصاویر بہت ہی اچھی بات ہے اس سے پوری دنیا میں پیغام جائے گا کہ پاکستان میں کھیل کے لئے ہم سب متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت رات دن پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا کرتا رہتا ہے، ایسی تصاویر دیکھ کر بھارتی پراپیگنڈا بری طرح ناکام ہو جائے گا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے اور پوری دنیا نے پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ دیکھ لیا ہے۔ فائنل میچ کیلئے پاکستانیوں میں انتہائی جوش و جذبہ پایا جا رہا تھا جبکہ میچ لاہور میں ہونے کے باعث لاہوریوں کا جذبہ تو دیدنی تھا جنہوں نے مہمان نوازی کی بھی ایک نئی مثال قائم کی۔ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی کرس جورڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ لاہوریو تم تو آج توانائی سے بھرپور تھے۔برطانوی میڈیم فاسٹ بالر کا مزید کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں ناقابل یقین ماحول کا بہت ہی زیادہ مزہ آیا۔ کرس جورڈن کا یہ پیغام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کیلئے پنجاب حکومت، پی سی بی اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی بھرپور تیاریوں کی تصدیق بھی ہے جس کے باعث پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب لکھا گیا۔ پی سی ایل فائنل سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ آئی سی سی کمیٹی نے سکیورٹی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیدیا ہے۔ آئی سی سی کے 8 رکنی کمیٹی نے فائنل کے سکیورٹی کے اقدامات کرنے پر پی سی بی کو شاباش دی اور کمیٹی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اقدامات سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد آئی سی سی نے رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون کو پاکستان بھیجنے کی منصوبہ بندی شروع کردی، ورلڈ الیون لاہور میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ 4 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے بھی ورلڈ الیون کے ساتھ متوقع سیریز کی تصدیق کردی ہے۔برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ورلڈ الیون اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مابین چار میچز کی سیریز تقسیم ہند کے 70 سال پورے ہونے پر کھیلی جائے گی جو پاکستان میں 8 سال کے مسلسل تعطل کے بعد انٹرنیشنل سطح کی دوسری سیریز ہو گی۔ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر اور آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ کرکٹ کیلئے کئی سال سے ترسے ہوئے پاکستانیوں کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ سٹارز کو کھیلتا ہوا دیکھیں۔ اخبار نے دعویٰ کیا ہے ورلڈ الیون کی ٹیم کا 17 ستمبر کو اعلان کیا جائے گا جس کے بعد یہ ٹیم پاکستان آئے گی اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 22،23 ، 28 اور 29 ستمبر کو چار میچز کھیلے گی۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ سب لڑکوں کو عمرے پر لے کر جائوں گا اور پھر بال بھی کٹوائیں گے۔ ایک انٹرویو میں پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی فتح لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا، جیت پر بہت زیادہ خوش ہوں۔ اس موقع پر انہیں جیت کے بعد سر منڈوانے کا وعدہ یاد دلایا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی نے مجھ سے سر منڈوانے کی بات کی تھی جس پر انہیں کہا تھا کہ میچ جیت کر سارے کھلاڑیوں کو عمرے پر لے کر جائوں گا اور پھر اپنا سر بھی منڈوائیں گے۔ اے این این کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے پی ایس ایل فائنل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کیلئے 2کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ پرویز خٹک نے پشاور زلمی کو اپنے صوبے میں آنے کی دعوت دی ہے اور مکمل سکیورٹی کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے۔ پرویز خٹک نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی اور ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئی تو پوری ٹیم پشاور جاکر آرمی پبلک سکول کے ساتھ فتح کا جشن منائے گی۔ پاکستان سپر لیگ ٹو کے فائنل میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ غیر ملکی کھلاڑی اورآفیشلزلاہورسے وطن روانہ ہو گئے ہیں جن میں پشاور زلمی کے ڈیوڈ میلان اور کرس جارڈن، مارلن سیموئیل اور انعام الحق وغیرہ کے نام شامل ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کوچ ویوین رچرڈز مزیدایک روز پاکستان میں قیام کریں گے۔دوسری طرف پاکستان سپر لیگ کا فائنل دنیا بھر میں دیکھا گیا تاہم سب سے زیادہ آن لائن بھارت میں دیکھا گیا۔