ایم کیو ایم رہنماؤں کیخلاف 34 مقدمات کی سماعت ‘ایک ختم، فاروق ستار، خالد مقبول سمیت 15 ملزموں کے وارنٹ جاری
کراچی(وقائع نگار)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں پر اشتعال انگیز تقریر اور ملکی سالمیت سے متعلق مقدمات میں سے ایک مقدمہ ختم کردیاہے۔پیرکوکراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ایم کیو ایم کے بانی سمیت دیگر رہنمائوں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر اور ملکی سالمیت سے متعلق 34 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ مقدمات میں قمر منصور، محفوظ یار خان، خواجہ اظہار اور رئوف صدیقی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ میئر کراچی وسیم اختر ضمانت پر رہا ہیں۔ تھانہ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا کے تفتیشی افسر فیض محمد کریجو کی درخواست ایف آئی آر378/2016 میں گواہ نہ ہونے پر عدالت نے مقدمہ ختم کردیا جب کہ دیگر مقدمات کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی۔کراچی کی مقامی عدالت نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے کے کیس میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں فارو ق ستار ،خالد مقبول صدیقی اور دیگر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردیئے ہیں ۔عدالت نے مئیر کراچی وسیم اختر اور خواجہ اظہار کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کو ضرورت پڑنے پر عدالت میں طلب کیا جاسکتا ہے ۔