رینٹل کیس: راجہ پرویز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست‘ عدالت کا نیب کو نوٹس
راولپنڈی (این این آئی) رینٹل پاورکیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے رینٹل پاور کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پیش ہوکر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ان کے لئے ہر سماعت پر عدالت آنا ممکن نہیں ٗ حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا ۔ عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پہلی بار سنا ہے کہ کوئی وزیر کابینہ کو مس لیڈ کر سکتا ہے ٗ اپنی پاک دامنی عدالت میں ثابت کریں گے ٗحکمران پاناما کی طرف منہ کرنے سے گھبراتے ہیں ٗ سارے کیسز پیپلز پارٹی کے خلاف ہی بنتے ہیں ٗ ساری بے بنیاد کہانیاں ایک ایک کرکے ختم ہو جائیں گی ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت سے پوچھتے ہیں اب رینٹل پاور کا کیا ہوا ٗ رینٹل پاور کا نام تبدیل کر کے اپنے لیے حلال کر لیا گیا ٗ پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آئے مگر اس سے اداروں کا دوہرا معیار واضح ہو گیا۔ پیپلز پارٹی کے لیے الگ اور مسلم لیگ نون کے لیے الگ قانون ہے۔ پاناما سکینڈل آیا تو نیب نے حکمرانوں کو کیوں نہیں طلب کیا۔ سابق چیف جسٹس نے اپنے بیٹے کے لئے تو کمشن بنا دیا اور ہماری درخواست پر توہین عدالت لگا دی ۔