کرپشن کے خاتمے اور عدالتی نظام کی بہتری کیلئے کام کیا: جسٹس سجاد علی شاہ
کراچی (آن لائن) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کے اعزازمیں فل کورٹ ریفرنس تقریب میں ججوںاور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کوسپریم کورٹ کاجج تعینات ہونے پرسندھ ہائیکورٹ میںان کے اعزازمیں فل کورٹ ریفرنس منعقد کیاگیا جس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ سندھ ہائیکورٹ نے نئے مقررکئے جانے والے چیف جسٹس احمد علی شیخ سندھ ہائیکورٹ کے ججوں‘ ماتحت عدالتوںکے ججوںسندھ ہائیکورٹ بارکراچی بار اور ملیرکے عہدیداروںسمیت وکلا کی بڑی تعداد اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے کرپشن کے خاتمے اور عدالتی نظام کی بہتری کے لئے کام کیا ہے‘ زیرالتواء لاکھوں مقدمات کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کی گئی جس کی وجہ سے سندھ ہائیکورٹ میںزیرالتوا مقدمات میں کافی کمی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ان کے دورمیں25جوڈیشنل مجسٹریٹ کوکرپشن کے الزام میں نوکری سے فارغ کیاگیا جبکہ سول اور جوڈیشنل مجسٹریٹ کی خالی 149اسامیوںکو پُرکیاگیا۔ انہوںنے کہا کہ وکلاء اپنی شکایات کے لئے نئے آنے والے چیف جسٹس سے رابطہ کریں اس موقع پرنئے آنے والے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمدعلی شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے کچھ عرصہ میں کئی اہم فیصلے کئے ‘آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔