بھارت: گندے نالے سے 19 اسقاط شدہ بچوں کی نعشیں برآمد
ممبئی (اے ایف پی) دنیا کے سب سے بڑی جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت میں انسانیت کو شرما دینے والے کام جاری ہیں۔ گزشتہ روز مہاراشٹر کے ضلع سانگلی میں پولیس نے ایک نالے سے 19 اسقاط شدہ بچیوں کی نعشیں برآمد کرلیں۔ ایس پی سانگلی دتارے شندے نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ نعشیں ایک پلاسٹک کے تھیلے میں بند کرکے ایک کلینک سے آگے نالے میں پھینکی گئی تھیں۔ پولیس کلینک چلانے والے ڈاکٹر کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ بچے لڑکیاں تھیں جنہیں جنم دینے سے قبل مار دیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارت میں بعض ناگزیر حالات کے علاوہ اسقاط حمل غیر قانونی ہے مگر اس کے باوجود ہر سال سینکڑوں بچیاں اس دنیا میں آنکھ کھولے بغیر ہی اگلے جہان بھجوا دی جاتی ہیں۔ 2011ء کے ایک جائزے کے مطابق بھارت میں ایک ہزار مردوں کے مقابلے میں 943 خواتین کا تناسب ہے۔ مہاراشٹر، ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں یہ تناسب کہیں زیادہ ہے۔