سی پیک نے پاک چین دیرپا تعلقات کو مزید مستحکم کر دیا: چینی سفیر
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاک چین دیرپا تعلقات کو مزید مستحکم کر دیا، پاکستان اور چین دونوں سی پیک کے فاتح ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ سی پیک گلوبلائزیشن کی صورت اختیار کر رہا ہے، چین پاکستان کا قریبی ہمسایہ اور بڑا شراکت دار ہے، سی پیک سے امن اور استحکام پیدا ہوگا، پرامن ماحول فراہم کرے گا، دونوں ملکوں کو اس کے فوائد حاصل ہوں گے، امید ہے پاکستان میں توانائی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ وہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، اس منصوبے کو پاکستانی عوام اور میڈیا کی مکمل حمایت حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ چشمہ پاور پلانٹ سی پیک فائونڈیشن کی بنیاد ہے، سی پیک سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی، معیشت مستحکم ہوگی، توانائی کی صورتحال بہتر ہوگی، پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھرے گا، لوگوں کے حالات زندگی بہتر ہوں گے، ان کو روزگار کے مواقع ملیں گے، تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی، سی پیک پرامن اور مستحکم ماحول فراہم کرے گا، زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے، پاکستان اور چین دونوں سی پیک کے فاتح ہیں، سی پیک کے تحت 18منصوبے زیر تعمیر ہیں، پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ کافی حل ہو جائے گا ۔