پی ایس ایل کے فائنل سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوئی: رفیق رجوانہ
لاہور (خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد نے دُنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور پاکستان میں خوف نام کی کوئی چیز نہیں ایونٹ سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میںارکان صوبائی اسمبلی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں سے ملاقات میں کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا پی ایس کا فائنل پورے ملک کے لئے چیلنج تھا جسے حکومت پنجاب اور متعلقہ اداروں نے الحمد للہ بخوبی سرانجام دیا جوکہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پنجاب حکومت آئندہ بھی صوبے کے عوام کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور وہ وقت دور نہیں جب صوبے بھر میں کھیلوں کے میدان پھر سے آباد ہوں گے۔ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کر کے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔ مقامی حکومتوں کا نظام کسی بھی طرح سے عوام کے لئے نعمت سے کم نہیں۔