• news

وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس میں 96 ارب کے میگا منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی ایکنک نے چھیانوے ارب روپے مالیت کے کچھی کینال کے پہلے فیز پروجیکٹ سمیت تین میگا پروجیکٹس کی منظوری دیدی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں تین مختلف منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں پیہور کینال صوابی کے توسیعی منصوبے کیلئے 10 ارب 15 کروڑ 60 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کیلئے 8 کروڑ 62 لاکھ 90 ہزار ڈالر ایشیائی ترقیاتی بنک مہیا کرے گا۔ پیہور کینال کیلئے پانی تربیلا ڈیم سے لیا جائیگا۔ اجلاس میں راوی، کالاشاہ کاکو اور نشاط آباد سب ڈویژن کی گیس انسلیٹڈ سب سٹیشنز ٹیکنالوجی پر منتقلی کی منظوری دی گئی جس کیلئے 5 ارب 68 کروڑ 70 لاکھ خرچ ہونگے۔ نظام سے 684 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہو سکے گی۔ اجلاس میں کچھی کینال فیز 1 منصوبے کے لیے 80 ارب 35 کروڑ 20 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے سے بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، بولان، کچھی اور جھل مگسی کے اضلاع مستفید ہونگے۔ کچھی کینال کو 6 ہزار کیوسکس پانی تونسہ بیراج سے ملیگا جس سے 7 لاکھ 13 ہزار ایکڑ زمین سیراب کی جا سکے گی۔ پہلے مرحلے میں 72 ہزار ایکڑ زمین کو سیراب کیا جائیگا۔ ایکنک اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال اورسکندر حیات بوسن بھی شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن