انتہا پسندانہ رویوں کو بدلنے کیلئے تعلیمی نصاب بدلنا ہوگا: طاہر القادری
لاہور (پ ر) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ و تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر طاہرالقادری نے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب کی تیاری پر تحریک منہاج القرآن کے رہنمائوں اور ایم ای ایس کے ذمہ داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیا تعلیمی نصاب طالبعلموں کیلئے جدید علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ انہیں اسلام اور پاکستانیت سے محبت کرنے والا ایک اچھا شہری بنائے گا۔ انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ انتہا پسندانہ سوچ کو بدلنے اور ایک قوم بننے کیلئے نصاب تعلیم کو عصری ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔ موجودہ نظام تعلیم اور تعلیمی نصاب نے قوم کو تقسیم اور فکری انتشار میں مبتلا کیا۔ تقریب کی صدارت منہا ج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی جبکہ تقریب سے ایم ڈی راشد حمید کلیامی، خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کمرشل سوچ کے ساتھ تعلیم کی فراہمی کے عظیم اسلامی، قومی، انسانی اور فلاحی مقصد کو حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ ایم ای ایس کے زیر اہتمام قائم 650 سے زائد سکولوں میں 10 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ، ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کو سستی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ73 نصابی کتب میں اصلاحات اور نیا نصاب ایم ای ایس شاندار کارنامہ ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم غوری، بریگیڈئر (ر) اقبال، کرنل (ر) احمد، شاہد لطیف، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، رفیق نجم، پروفیسر اقبال، ڈاکٹر امبر آصف، تنویر خان، سردار شاکر مزاری، مظہر علوی، عرفان یوسف، علی وقار، سیف اللہ بھٹی، عتیق الرحمان و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔