• news

پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے: ائر چیف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس نے تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 1000ویں طیارے کو اوور ہال کر لیا جس کے رول آؤٹ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ واضح رہے کہ اوورہال کے دوران ایک طیارے کو مکمل کھول کر ازسر نو اسے بنایا جاتا ہے۔ تقریب میں رانا تنویر حسین وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس تقریب میںموجود تھے۔ چین کی نیشنل ایروٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن (CATIC) کے نائب صدر کے علاوہ پاکستان کے اعلیٰ سول اور ملٹری عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے پی اے سی کامرہ کو دفاعی صنعت میں قومی خود انحصاری میں اپنا کردار ادا کرنے پر انکے افسران اور ٹیکنیشنز کی کاوشوں اور عزم کو سراہا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی ترقی میں پی اے سی کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی اپنے طیارے تیار کر کے نا صرف قیمتی زرِمبادلہ بچا رہی ہے بلکہ طیارہ سازی کے میدان میں ملکی خود انحصاری کا باعث بن رہی ہے۔ ائیر چیف نے پاکستان اور چین کی طیارہ سازی کی صنعتوں کے درمیان کلیدی تعلقات کی تعریف کی اور کہا کہ آج پاکستان اور چین کے دفاعی تعلقات کی تاریخ میں یہ ایک منفرد سنگِ میل ہے۔ آن لائن کے مطابق سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،پاکستان پرامن ملک ہے اگردشمن کی جانب جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دینگے۔ پی اے سی پاک فضائیہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن