• news

قطر دفتر کے طالبان وفد کا دورہ چین: امن مذاکرات، تنازعہ کے پر امن حل پر تبادلہ خیال

کابل/دوحہ/بیجنگ(آئی این پی)طالبان کے قطرمیں سیاسی دفتر کے سینئر رہنمائوں پر مشتمل وفد نے چین کادورہ کیا ہے اس دوران امن مذاکرات او ر تنازعہ کو با ت چیت کے ذریعے ختم کرنے سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کے مطابق طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ وفدکی سربراہی شیرعباس ستانکزئی کررہے ہیں۔ وفدمیں سینئر طالبان رہنما مولوی شہاب الدین دلاور،جان محمد مدنی ،سلام حنفی اور ڈاکٹر صالح شامل ہیں۔طالبان کا وفد چینی حکومت کی دعوت پرچین گیاہے،طالبان وفد کی چینی حکام سے امن مذاکرات او رجاری تنازعے کو با ت چیت کے ذریعے حل کرنے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ طالبان وفد کا حالیہ دورہ یورپی ، ایشیائی اور علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے طالبان کے سیاسی دفتر کی کوششوں کا حصہ ہے ۔تقریبا ڈھائی ماہ قبل بھی سینئر طالبان رہنمائوں کے ایک وفد نے مذاکرات کیلئے چین کا دورہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن