• news

جنرل قمر باجوہ کی امیر قطر سے ملاقات‘ دونوں ملکوں کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

دوہا، راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر قطر نے کہا کہ قطری افواج کو مضبوط بنانے میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ علاقائی سلامتی میں پاکستان کا کردار مثبت ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں قابل تعریف ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیگی۔ امیر قطر نے دورہ پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ امیر قطر نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط سٹرٹیجک تعلقات ہیں۔ امیر قطر نے ترقی و استحکام میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ امیر قطر نے دفاعی، سکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق قطر کے امیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا قطرکا دورہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کی تعریف کی۔ قطری امیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان زبردست دفاعی تعلقات قائم ہیں جنہیں مستقبل میں مزید فروغ دیا جائیگا۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے قطر کی ترقی اور مضبوطی میں پاکستان اور پاک فوج کی تعریف کی۔ انکا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے اور اس جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ آخر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زبردستی مہمان نوازی پر قطری حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن