لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، ژالہ باری، مری میں برف باری
لاہور (سپورٹس رپورٹر +نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے علاوہ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دوسری طرف مری سمیت پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مری اب تک 4 انچ برف پڑ چکی ہے جبکہ گلیات میں ایک فٹ برف پڑی۔ علاوہ ازیں نتھیا گلی‘ چھانگلہ گلی اور ایوبیہ میں بھی شدید برف باری ہوئی۔ ایبٹ آباد اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ ہفتہ کے روز تک شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے کہیں کہیں جبکہ بالائی خیبرپی کے، فاٹا میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں سب سے زیادہ بارش خیبر پی کے، پٹن27، چراٹ 25، مالم جبہ15، کوہاٹ 6، دیر، بنوں 5، لوئر دیر، پاراچنار 4، بالاکوٹ 3، سیدوشریف 2، ڈیرہ اسماعیل خان ایک، لاہور سٹی 18، میانوالی 2، کامرہ، ڈی جی خان، شورکوٹ 1، راولاکوٹ 6، مظفر آباد 5، گڑھی دوپٹہ 3، بارکھان4، کوئٹہ میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں ژالہ باری جبکہ مالم جبہ میں 3 انچ برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم ابرآلود رہیگا تاہم کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ڈویژن)، اسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ ہزارہ، مردان، کوہاٹ، بنوں ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری، ژالہ باری کا امکان ہے۔ کوٹلہ اور گردونواح میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہوگیا۔ بارش گندم کی فصلوں کے لئے مفید ہے۔ اس سے دیگر فصلوں پر بھی خوشگوار اثر پڑے گا۔دوسری طرف صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں لیسکو کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا جبکہ معمول کی لوڈشیڈنگ بھی جار ی رہی۔ وقفے وقفے سے ہونیوالی باعث کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں شدید مشکلات پیش آئیں۔