فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 5 دہشت گردوں کو کوہاٹ جیل میں پھانسی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 5 خطرناک دہشت گردوں کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پھانسی پانے والوں میں دہشت گرد شوکت علی، امداداللہ، صابر شاہ، خاندان اور انور علی شامل ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کارندے قانون نافذ کرنے والے اداروں، مسلح افواج اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث تھے ان حملوں میں کئی فوجی جوان جاںبحق و زخمی ہوئے تھے۔ صابر شاہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال کارندہ اور مسلح افواج پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ پھانسی پانے والے تمام دہشت گردوں نے فوجی عدالتوں اور مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔