• news
  • image

پارلیمنٹ میں ’’چوہوں‘‘ کی موجودگی پر اجلاس فاٹا کیلئے الگ نشستیں مختص نہ ہو سکیں

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاسوں میں مختلف انداز سے خواتین کا عالمی دن منایا گیا، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے عالمی یوم خواتین پر ایک نئی مثال قائم کر دی اور سینیٹر ستارہ ایاز کو’’اعزازی چیئرمین شپ‘‘ دے کر ’’ کرسئی صدارت ‘‘ پر بٹھا دیا ،ملک کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو اعزازی چیئرمین شپ دی گئی جب کہ قومی اسمبلی میں صورت حا ل یکسر مختلف تھی، اپوزیشن کی خواتین ارکان نے ’’عالمی خواتین‘‘ کے حوالے سے بات کرنے کی اجازت نہ ملنے ایوان سے واک آئوٹ کر دیا، حکومتی خواتین ارکان نے اپوزیشن کی خواتین کا ساتھ نہیں دیا۔ ڈپٹی سپیکر کے اس رویے پر اپوزیشن ارکان نے ’’شیم شیم ‘‘کے نعرے لگائے اور شور شرابہ کیا ۔ اس دوران پیپلز پارٹی کے چیف وہپ اعجاز جاکھرانی نے نکتہ اعتراض پر خواتین ارکان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا انہوں نے خواتین ارکان کا ساتھ دیتے ہوئے احتجاجاً واک آئوٹ کا اعلان کردیا اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین واک آئوٹ کرگئے ۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اپوزیشن کا ساتھ نہیں دیا۔ اپوزیشن کے واک آئوٹ کے بعد ڈپٹی سپیکر نے یوم نسواں کے حوالے سے بحث شروع کروا دی۔ طاہرہ اورنگزیب نے بات شروع کی تو عبدالستار بچانی نے لابی سے آکر ایوان میں آگئے اور کورم کی نشاندہی کردی ۔ ڈپٹی سپیکر نے گنتی کروائی تو ایوان میں 58 ارکان موجود تھے جس کے بعد کارروائی معطل ہو گئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے اپوزیشن نے بالآ خر حکومت کا تیار کردہ بل منظورکر لیا چیئرمین سینٹ نے ’’پھٹیچر‘‘ اور ’’ریلو کٹا‘‘کے الفاظ کو غیر پارلیمانی قرار دے دیا ہے ۔ ایوان بالا میں تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے ایوان میں سرکلر ڈیٹ کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس پر ’’پھٹیچر‘‘ اور ’’ ریلو کٹا‘‘ کے الفاظ استعمال کئے تو چیئرمین سینٹ نے انہیں یہ الفاظ ادا کرنے سے روک دیا ،چیئرمین سینٹ نے کہا کہ یہ الفاظ غیر پارلیمانی ہیں۔ انہوں نے کارروائی سے یہ الفاظ حذف کرا دیئے۔وفاقی حکومت کی طرف سے ایوان بالا کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی موجودگی کے حوالے سے افسران کا اجلاس بلایا تھا، اس کا حل نکالا جا رہا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاجز کی آخری منزل کے چھت کے نیچے جو جگہ خالی ہے اسے بھر دیا جائے گا۔قومی احتساب (ترمیمی) بل 2017ء مجلس قائم کو واپس بھجوا دیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گردشی قرضے فروری میں 393 ارب روپے تک تھے اس میں سے 30 ارب روپے آنے والے ہفتے میں ادا کردیئے جائیں گے‘ فاٹا سے آزاد ارکان کے لئے اپوزیشن بنچوں پر الگ نشستیں مختص نہ کی جا سکیں جبکہ چیئرمین سینیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اپوزیشن کے ارکان پہلے ہی حکومتی سائیڈ والی نشستوں پر بیٹھتے ہیں اس لئے آزاد اراکان کے لئے الگ سے نشستیں مختص نہیں ہو سکتیں تاہم آزاد اپوزیشن کے طور پر ان کی درخواست قابل عمل ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میںچیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سیکرٹریٹ کو سینیٹر حلال الرحمان‘ نجم الحسن‘ تاج محمد آفریدی‘ اورنگزیب خان‘ ساجد طوری‘ صالح شاہ اور حاجی معین آفریدی کی جانب سے خط موصول ہوا تھا کہ وہ سینٹ میں اپوزیشن میں بیٹھنا چاہتے ہیں تاہم ان کے لئے اپوزیشن بنچوں پر الگ سے نشستیں مختص نہیں ہو سکتیں کیونکہ اپوزیشن کے ارکان کی تعداد پہلے ہی زیادہ ہے اور حکومتی سائیڈ پر بھی نشستیں ان کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور امین الحسنات قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران قرآن پاک کی تلاوت کرتے رہے۔ وہ ایوان کی کارروائی سے لاتعلق اپنی نشست پر بیٹھے قرآن پاک کی تلاوت کرتے رہے۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن داور خان کنڈی نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کیلئے منظور کردہ فٹا اصلاحات کی مخالفت کر دی اور کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات فاٹا اور کے پی کے عوام کی مرضی اور آئین کے خلاف ہیں۔ وفاقی وزیر برائے ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سوائے دو جماعتوں کے پورے ملک نے فاٹا اصلاحات کی حمایت کی ہے۔
پارلیمنٹ کی ڈائری

epaper

ای پیپر-دی نیشن