• news

سندھ اور خیبر پی کے حکومتوں نے کام نہیں کئے‘ عوام کی محرومیاں دور کرینگے: نوازشریف

ٹھٹھہ (نمائندہ نوائے وقت + نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے سندھ کی تعمیرنو کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے کے شہروں ٗ گوٹھوں اور دیہاتوں کو پنجاب کے شہروں سے بھی بہتر بنائینگے، مسائل حل کر نا صوبائی حکومت کا کام ہے ٗ کوئی اور سندھ کے عوام کی محرومیوں کو دو ر نہیں کرینگے تو ہم کرینگے ٗ عبد الطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے، کراچی کو بھی خوبصورت بنائینگے، سجاول، ٹھٹھہ اور ٹندو محمد خان میں ہیلتھ کارڈ سکیم شروع کرینگے، ملک میں بجلی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ جمعرات کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ٹھٹھہ آکر بہت خوشی ہورہی ہے۔ نواز شریف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنی خوشی آپ کو ہورہی ہے اس سے ڈبل خوشی مجھے ہورہی ہے۔ مجھے شیرازی بھائیوں نے بلایا ہے میرے بھائی مجھے بہت دیر سے بلا رہے ہیں میں پہلے آنا چاہتا تھا مگر آج آپ کی خدمت میں حاضر ہوں آپ کی محبت کے جذبے کو محبت کے جذبے سے جواب دے رہا ہوں، انشاء اللہ میں محبت اور دوستی کا رشتہ نبھائوں گا۔ شیرازی بھائیوں نے جوباتیں کی ہیں وہ صوبائی معاملات ہیں تاہم وفاقی حکومت تمام مسائل کے حل کا وعدہ کررہی ہے یہ سارا معاملہ صوبوں کو حل کر نا چاہیے چونکہ یہ مسائل حل نہیں ہوئے مسائل کے حل کیلئے ہر طرح سے حاضر ہوں۔ شیرازی صاحب نے بڑی امیدیں لیکر مطالبے کئے ہیں یہ ٹھٹھہ ٗ سجاول کے مسائل ہیں یہ آپ کے مسائل ہیں تو پھر میرے بھی مسائل ہیں اللہ نے مجھے وزیر اعظم بنایا ہے تو مسائل کو حل کر کے دم لونگا، عوام کے زخموں پر مرحم رکھیں گے، انشاء اللہ بجلی دینگے، پانی دینگے، سڑکیں دینگے، موٹر ویز دینگے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ پنجاب ٗ بلوچستان ٗ آزاد کشمیر ٗ فاٹا ٗ گلگت بلتستان میں شروع کیا جا چکا ہے لیکن سندھ اور خیبر پختو نخوا نے کہا ہے کہ یہ کام ہم خود کرینگے ٗوفاقی حکومت کو کہا ہے کہ صوبے والے کام صوبائی حکومت کریگی ہم نے کہاکہ یہ غریب لوگوں کا کام ہے ٗ ہیلتھ کارڈ کیا چیز ہے ؟ اگر کسی غریب آدمی کے پاس ہوتا ہے تو وہ ہسپتال میں پیش کر تا ہے جس کے مطابق اس کا فری علاج کیا جاتا ہے۔ ہم نے ہیلتھ کارڈ سکیم شرو ع کی ہے۔ اچھا نہیں لگتا ہے کہ صوبائی حکومت کہے کہ ہم حصہ نہیں ڈالیں گے ٗٹھٹھہ میں اعلان کررہا ہوں کہ صوبائی حکومت حصہ ڈالتی ہے یا نہیں ٗ ہم ٹھٹھہ کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے اور میں خود کارڈ جاری کر نے کیلئے آئونگا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ ٹھٹھہ کیلئے 500 بستر والا ہسپتال تعمیر کیا جائیگا۔ آپ کے مسائل حل کر نے کیلئے حاضر ہوا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کے بل ضرور ادا کئے جائیں اگر کہیں بل ادا نہیں ہوتے تو اس کی سزا بل ادا کر نے والوں کو بھی ملتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان علاقوں میں بہتری کم ہے جہاں لوگ بل ادا نہیں کرتے۔ اس موقع پر سجاول ٗ ٹھٹھہ کیلئے گیس کا اعلان کرتا ہوں اس پر 110کروڑ روپے خرچ ہونگے یہ ٹھٹھہ کے عوام پر قربان ہیں یہ ہمارا فرض ہے اور آپ کا حق ہے یہ آپ پر احسان نہیں، ایک وزیر اعظم کا فرض ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سمندر کے کٹائو کی وجہ سے زرعی زمینیں سمندر کی نذر ہورہی ہیں یہ صوبائی حکومت کا معاملہ ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں اس معاملے کو فوری حل ہو ناچاہیے اس میں ایک لمحہ کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے ٗ ٹھٹھہ ٗ سجاول اور بدین میں کٹائو کو روکنے کیلئے پوٹیشنل بند تعمیر کیا جائیگا۔ منصوبے کی تکمیل کیلئے 50 کروڑ روپے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں پچاس کلو میٹر دیہاتی سڑکوں کیلئے رقم فراہم کی جارہی ہے اس کے فیصلے ملکر کرینگے ٗ گلی محلوں میں پانی کی نکاسی ٗ گلیوں کو پختہ کر نے اور پینے کے صاف پانی کیلئے دونوں اضلاع کیلئے 20ٗ20کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مریض شہری کا علاج سر کاری خزانے سے کرانے کا اعلان کیا وزیر اعظم نے ٹھٹھہ کے 250 دیہاتوں کیلئے بجلی کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف ٹھٹھہ کے دورہ کے موقع پر شیرازی برادران کی جانب سے خصوصی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔ ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ سندھ اور خیبر پی کے کی حکومتوں نے کام نہیں کئے، یہاں آیا ہوں تو آپ کے لئے کچھ لے کر آیا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن