دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان‘ امریکہ تعاون اہم ہے: ممنون حسین
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک امریکہ تعاون اہم ہے۔ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو‘ پاکستان نے ہمیشہ مذمت کی ہے ۔صدرمملکت نے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں نامزد پاکستان سفیر اعزاز احمد چودھری سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی پر اعزاز احمد چودھری کو مبارکباد دی۔ صدرمملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کا روشن تشخص اجاگر کرنے کیلئے اپنے تجربات کو بروئے کار لائیں اور امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپریشن رد الفساد‘‘ کی صورت میں پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور بڑی حد تک اس پر قابو پا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ نے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ دریں اثنا صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ پناہ گزینوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مثبت اقدامات کئے ہیں۔ دونوں بردار ملک آئندہ بھی باہمی تعاون کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے رہیں گے۔ صدرمملکت نے یہ بات پاکستان ہلال احمر کی جانب سے ترکی میں مقیم شامی مہاجرین کو امدادی سامان کی فراہمی کے موقع پر ایوان صدر میں میں منعقدہ بریفنگ میں بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں ترکی کے سفیر برائے پاکستان صادق بابر گرگن‘ پاکستان ہلال احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہلال احمر کے چیئرمین سعید الٰہی نے امدادی سامان کی فراہمی کے متعلق صدرمملکت کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے 30 لاکھ سے زائد شامی مہاجرین کو اپنی سرزمین پر پناہ فراہم کرکے یورپی اور دیگر ممالک کیلئے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ہلال احمر کی جانب سے دی جانے والی امداد شامی مہاجرین کے مسائل کی کمی کا باعث بنے گی۔