لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں دوسرے روز بھی بارش، ژالہ باری
لاہور، فیصل آباد، لالیاں، سیالکوٹ+ بصیر پور + کوٹلہ ارب علی خان ( نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، کئی مقامات پر ژالہ باری، بعض علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا موسم سرد ہونے کے باعث لوگوں نے پھر گرم کپڑے نکال لئے۔ تفصیل کے مطابق بدھ کی رات گئے فیصل آباد ضلع بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جو کئی گھنٹے جاری رہی اس دوران کئی ایک مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی‘ بعدازاں وقفے وقفے سے جمعرات کے روز شہر بھر میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے خشکی بڑھی اور ایک بار پھر شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے اور بارش کو انجوائے کرنے کیلئے فیملیز نے پارکس کا رخ کیا تو گھروں میں بھی سموسے ‘ پکوڑوں اور فش پارٹیوں کا دور چلتا رہا دوسری جانب ہمیشہ کی طرح واسا کی کارکردگی سے بھی تیز بارش نے پردہ ہٹایا شہر بھر میں سڑکوں پر کھڑے پانی نے تمام دعوئوں کی قلعی کھول دی۔ لالیاںمیں بارش برستے ہی ایک بار پھر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سیالکوٹ اور گردونواح میں رات کو گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کی وجہ سے موسم دوبارہ سرد ہوگیااور پانی گلیوں اور محلوں میں کھڑا ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بصیرپور میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب آندھی وبارش کے ساتھ کہیںکہیںژالہ باری بھی ہوئی جس سے گندم کی تیارفصل کو نقصان پہنچا۔ بجلی ومواصلات کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔ کوٹلہ ارب علی خان میں بارش سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا۔ گرم کپڑوں کا استعمال ایک دفعہ شروع ہو گیا۔