سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 17 منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 94 ارب 40 کروڑ روپے لاگت کے 17 منصوبوں کی منظوری دے دی۔ ان میں سے 83 ارب روپے لاگت کے منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو ارسال کئے جائیں گے۔ جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے‘ ان میں 36 ارب روپے کی لاگت سے گوادر نوابشاہ ایل این جی ٹرمینل اور پائپ لائن کی تعمیر‘ خانیوال سے لاہور تک ریل کی پٹڑی کو دوہرا کرنے کیلئے 14 ارب روپے کی لاگت کے منصوبے‘ پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹروبس سروس کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ اس پر 16 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعظم کے پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے کو بھی منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں 10.3 ارب روپے مالیت کے منصوبے کا پوزیشن پیپر بھی منظور کر لیا گیا۔ دریں اثناء وزیر منصوبہ بندی نے پائیدار ترقی کے اہداف پر مقامی حکومتوں کے سربراہی اجلاس کی بھی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ویژن 2015ء کی شکل میں ترقی کا روڈمیپ دیا ہے۔