• news

پاکستان امریکہ تعلقات روایات سے کہیں آگے ہیں: ڈائریکٹر یو ایس ایڈمشن

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ تعلقات روایات سے کہیں آگے ہیں‘ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ‘ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں حالیہ اضافہ خوش آئند ہے‘ یو ایس ایڈ کے پروگرام پاکستان پرائیویٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو (پی پی آئی آئی) کے تحت قائم کردہ 3 نجی ایکویٹی فنڈز سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فنانسنگ کی مد میں 15 ارب50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم دستیاب ہوگی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ جان گرورک نے کہا کہ پی پی آئی آئی ابراج پاکستان فنڈ‘ پاکستان کیٹالسٹ فنڈ اور بولترو گروتھ فنڈ پر مشتمل ہے اور پیشہ ورانہ انداز میں چلائے جانے والے یہ تینوں سرمایہ کاری فنڈز پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ایکویٹی سرمایہ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ پروگرام نے ہر فنڈ کے لئے 2ارب 49 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں جو مجموعی طور پر 7ارب 50کروڑ روپے بنتی ہے جبکہ تینوں فنڈز میں سے ہر ایک نے یو ایس ایڈ کی فراہم کردہ رقم کے مساوی یا اس سے زیادہ حصہ ڈالا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشں آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر خان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک جدید طریقہ وضع کرنے پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن