• news

بلوچستان کو ہمیشہ حقوق دئیے، آئندہ الیکشن جیت کر حکومت بنائیں گے: زرداری

کراچی + اسلام آباد + لاہور (نعیم اختر+ خبر نگار+ آن لائن) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی جدوجہد‘ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بلوچ رہنمائوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے دیرینہ ساتھی میر جعفر خان جمالی کی خدمات کو سراہا۔ بلوچستان کے غیور عوام نے ملک کے استحکام سلامتی اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچ عوام کو ان کے حقوق دیئے۔ میر چنگیز خان جمالی کی قیادت میں جعفر آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بلوچستان سے بھاری اکثریت میں کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق جمہوریت ہمارا انتقام ہے۔ عوام جمہوری انداز میں ووٹ کے ذریعے پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین سے انتقام لیتے ہیں۔ پارٹی کے وفود جن کا تعلق کوہاٹ، چترال،کرک اور ہنگو سے تھا، سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے اس جنگ کو جیت کر اور انتہا پسندی کو شکست دے کر ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کریں گے۔ علاوہ ازیں بلاول آج شام لاہور پہنچیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور میں قیام کے دوران ساہیوال ڈویژن کے لئے پارٹی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ 11 مارچ کو صبح گیارہ بجے ساہیوال ڈویژن سے پارٹی عہدوں کے لئے نامزد امیدواران کے انٹرویوز کریں گے جبکہ اسی روز شام چار بجے وہ لاہور ڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے نامزد عہدیداروں سے انٹرویوز کریں گے۔ لاہورکے نامزد امیدواروں کے انٹرویوز 13مارچ کو ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن