• news

مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوج نے تین نوجوانوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا

سرینگر(اے این این+آن لائن+ اے ایف پی )مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومتسرینگر میں بھارتی فوج نے تین نوجوانوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا۔ شہید ہونیوالوں میں ایک 15سالہ طالبعلم بھی شامل ہے۔ مجاہدین کی تلاش کی آڑ میں بھارتی فورسز کی جانب سے رات گئے گھروں پر چھاپے ، طالب علم سمیت 3نوجوانوں کو گرفتار کر کے چینی ساختہ اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ مقدمات درج،کشتواڑہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ،خواتین اور بچوں پر تشدد،لوگوں کو گھروں سے نکال کر سخت سردی میں کھلے آسمان کے نیچے کھڑے رہنے پر مجبور کیا گیا،گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ،شہریوں کا بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کےخلاف احتجاج۔تفصیلات کے مطابق کشتواڑہ میں بھارتی فوج، پیرا ملٹری ٹروپس اور پولیس نے مشترکہ طور پر لوگوں کے گھروں پر دھاوا بو ل دیا ۔اس دوران مبینہ مجاہدین کی تلاش کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔بھارتی فورسز نے خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لوگوں کو گھروں سے نکال کر سخت سردی میں کھلے آسمان کے نیچے کھڑے رہنے پر مجبور کیا گیا۔ اس دوران بھارتی درندے گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ میں بھی مصروف رہے ۔قابض فورسز نے اس دوران 3نوجوانوں کو مجاہد قرار دے کر حراست میں لیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چینی ساختہ اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔دریں اثناءمشترکہ مزاحمتی قیادت کی کال پر بار ایسو سی ایشن سے وابستہ وکلا نے سرینگر ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے وادی میں مزید پیلٹ بندوقوں کی ترسیل کیخلاف احتجاج کیا۔ حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے محبوبہ مفتی کے اس بیان کو انتہائی بے معنی اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے جس میں انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کیا ہے کہ مجھے امن دو میں روزگار دوں گی ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا سارا امن بھارت کے جبری قبضے اور اس کے افواج کی یہاں موجودگی سے درہم برہم ہوا ہے اور اس کو بحال کرنا کسی بھی طور پر شہریوں کے بس میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کی کنجی صرف بھارت کے پاس موجود ہے اور اس ملک کے حکمران چاہیں تو اپنی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے ریاست میں پائیدار امن قائم کرانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے محبوبہ مفتی کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیلٹ گن متعارف کرانے والوں کی زبان سے امن اور مسئلہ کشمیر حل کرنے کی باتیں اچھی نہیں لگتی۔ بھارتی آرمی چیف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں پولیس چیف ڈاکٹر ایس پی وید نے مجاہدین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پولیس اہلکاروں کے اہل و عیال کو شورش میں شامل کرنے کے بجائے میدان میں ان سے دو بدو مقابلہ کریں۔ہتھیار اُٹھانے والوں کے خاندانوں کو تباہ کر دیں گے۔ دریں اثناءانسٹی چیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیر و سائنسز کاٹھی دروازہ کی طرف سے کشمیر میں ذہنی امراض پر کئے گئے سروے میں اس بات کا انکشاف کیا گیاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی چیرہ دستیوں نے کشمیریوں کو ذہنی بیماریوں میں مبتلا کر دیا ہے۔ وادی کی کل آبادی میں 11.3فیصد لوگ ذہنی امراض میں مبتلا ہیں جو پورے بھارت میں پائی جانے والی 7.3فیصد شرح سے کافی زیادہ ہے۔سروے میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کی زیادہ تعداد ذہنی امراض میں مبتلا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن