حکومتی کوششوں کے نتائج سامنے آنا شروع لوڈشیڈنگ بہت کم ہو گئی: خواجہ آصف
اسلام آباد (این این آئی )وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت نے توانائی بحران کے چیلنج سے نمٹنے کا عزم کیا ہوا ہے، حکومتی کوششوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، 2013ء میں جب حکومت سنبھالی تو ملک میں توانائی بحران عروج پر تھا، پہلے کی نسبت لوڈ شیڈنگ بہت کم ہوگئی ہے، ٹھٹھہ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے 100میگاواٹ کے دو منصوبے 2018 میں مکمل ہونگے جبکہ 720میگاواٹ کا کیراٹ منصوبہ 2021ء میں مکمل ہو جائیگا، کیراٹ ہائیڈرو پاور، ٹھٹھہ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی رقم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا کہ 820میگاواٹ کے تینوں منصوبوں پر چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، منصوبوں پر ایک ارب 92کروڑ ڈالر سے زائد لاگت آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ تینوں منصوبے اقتصادی راہداری کا حصہ ہیں۔ آئندہ 3 سے 4 برسوں میں 10ہزار میگاواٹ مزید بجلی پائیدار ترقی کیلئے درکار ہوگی۔ چین نے پاکستان کے توانائی بحران ختم کرنے کیلئے تعاون کیاہے۔