بلاول لاہور پہنچ گئے، آج ساہیوال ڈویژن کیلئے تنظیمی عہدیداروں کے انٹرویو کرینگے
لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمعہ کو لاہور پہنچ گئے، لاہور ایئرپورٹ سے بلاول ہائوس گئے جہاں وہ تین چار روز قیام کریں گے، بلاول لاہور میں قیام کے دوران ساہیوال اور لاہور ڈویژن کے نامزد تین تین عہدیداروں کے انٹرویو کریں گے، آج ہفتہ کو ساہیوال ڈویژن سے صدر، جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات کیلئے تنظیمی کمیٹی کے دیئے گئے تین تین امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلایا گیا ہے جبکہ اتوار کو بلاول بھٹو زرداری آرام کریں گے، سوموار کو لاہور سمیت لاہور ڈویژن کیلئے قصور، ننکانہ، شیخوپورہ کے صدر، جنرل سیکرٹری، اور سیکرٹری اطلاعات کیلئے نامزد تین تین امیدواروں کے انٹرویو کریں گے۔ بلاول ہائوس کراچی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کراچی کے اضلاع سائوتھ، ایسٹ ویسٹ، کورنگی، ملیر اور سنٹرل کے صدور، جنرل سیکرٹریوں اور سیکرٹری اطلاعات کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے سابق صدر منظور وٹو کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا مرکزی نائب صدر اور رخسانہ بنگش کو صدر آصف علی زرداری کی پولیٹکل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔منظور وٹو نے نائب صدر مقرر کئے جانے پر آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ کمان کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کروں گا۔