سند ھ اسمبلی: ڈپٹی سپیکر اور متحدہ رکن میں تلخ کلامی‘ بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن کابائیکاٹ
کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر شہلا رضا اور ایم کیو ایم کے رکن سیف الدین خالد کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔ اجلاس میں بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر متحدہ سمیت اپوزیشن اراکین نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔ ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کر رہے تھے تو ڈپٹی سپیکر نے روک دیا اور توجہ دلاؤ نوٹس پڑھنے پر زور دیتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر توجہ دلاؤ نوٹس نہیں پڑھ سکتے تو باہر نکل جائیں۔ انہوں نے رکن اسمبلی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو قواعد کے مطابق چلنا ہو گا۔ میں اسمبلی کو ڈسٹرب نہیں ہونے دوں گی۔ دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم سمیت اپوزیشن اراکین نے بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان کی کارروائی سے بائیکاٹ کر دیا۔ شور شرابے، احتجاج ، تلخ جملوں کے تبادلے ، جذباتی تقاریر اور بائیکاٹ کے ماحول میں سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے ڈپٹی سپیکر کو تجویز دی ہے کہ وہ اپوزیشن ارکان کو اپنے چیمبر میں بلا کر ان کو قانونی طریقہ کار سمجھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ قانون سازی میں اپوزیشن موجود ہو۔ علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کو حیوانات کی افزائش نسل کا بل 2016 قائمہ کمیٹی برائے لائیو اسٹاک و ماہی گیری کی رپورٹ پر غور کے بعد کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔