• news

ا لیکشن کمشن کا ہالینڈ سے الیکٹرانک بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری کا معاہدہ

اسلام آباد (ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے ہالینڈ کی سمارٹ میٹک انٹرنیشنل کمپنی سے 100 بائیومیٹرک اور 150 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ الیکشن کمشن نے ملک میں انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے الیکٹرانک اور بائیو میٹرک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ہے۔سیکرٹری الیکشن کمشن کے مطابق نئی مشینوں کا معاہدہ ہالینڈ کی سمارٹ میٹک انٹرنیشنل کمپنی سے کیا گیا ہے اور یہ جدید مشینیں بھارت میں انتخابات میں استعمال ہونے والی مشینوں سے زیادہ جدید اور پائیدار ہیں۔ مشینیں آئندہ کسی بھی ضمنی انتخاب میں تجربے کے طور پر استعمال کی جائیں گی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں 3 لاکھ سے زائد الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہوں گی جن کی مالیت 35 ارب روپے بنتی ہے ۔دوسری طرف سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن محمد افضل خان نے کہاہے کہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیو میٹرک ووٹنگ مشینوں کے استعمال میں سست روی سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمشن اور حکومت انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے اقدامات کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر اورنج ٹرین لائن منصوبے پر 200 ارب روپے خرچ کئے جاسکتے ہیں تو انتخابات کو منصفانہ اور شفاف بنانے پر 30 ارب روپے خرچ کیوں نہیںکئے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن گذشتہ ایک عشرے سے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے بارے میں مشورے کررہا ہے مگر اس پر عملدرآمد کیلئے اقدامات نہیں کر رہا۔

ای پیپر-دی نیشن