میئر کراچی صفائی کے دعوے پورے کرنے میں ناکام ‘چیئرمین بحریہ ٹاﺅن کا مفت کچرا اٹھانے کا اعلان
کراچی (آن لائن) سو دن میں کراچی صاف کرنے کے وعدے ہوا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے یکم دسمبر کو جیل سے رہائی پر صفائی مہم کا اعلان کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ 100روز میں شہر سے کچرا اٹھا کر مکمل صفائی کردی جائے گی۔ تاہم شہر میں جابجا کچرے کے ڈھیر لگے ہیں شہر کے اہم علاقے ہوں یا مضافاتی علاقے سب جگہ کچرے کے انبار نظر آرہے ہیں۔تین اضلاع کی16یونین کونسلز کو ماڈل یوسیز بنانے کیلئے منتخب تو کیا گیا مگر100 روز بعد بھی ان علاقوں کی حالت نہ بدلی ضلع شرقی، کورنگی اور وسطی کی منتخب یونین کونسلز اب بھی کچرے کا ڈھیر بنی ہیں جگہ جگہ سیوریج کا پانی جمع ہے۔دوسری جانب بحریہ ٹاﺅن نے رضاکارانہ طور پر کراچی سے کچرا اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے چیئرمین بحریہ ٹاﺅن ملک ریاض نے کہا ہے کہ پیر سے کچرا اٹھانا شروع کر دیں گے ۔ تاہم سندھ حکومت سے ایک روپیہ بھی نہیں لیں گے ۔ ملک ریاض نے جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سے باضابطہ اجازت دینے کی درخواست کی ہے تاکہ باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے ۔