انسداد دہشت گردی کی کثیر الملکی ٹاسک فورس کی کمانڈ جاپانی بحریہ کے سپرد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ نے انسداد دہشت گردی کی کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ جاپانی بحریہ کے سپرد کر دی ہے۔ بحریہ کے پریس بیان کے مطابق تبدیلی کمانڈ کی پُر وقار تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے کموڈور محمد شعیب نے کمانڈ جاپانی بحریہ کے رئیر ایڈمرل چینگ کوک چین کے حوالے کی۔ تقریب کی صدارت کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز امریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل کیون مائیکل ڈونیگن نے کی جب کہ تقریب میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک کے علاوہ بحری اتحاد میں شامل غیر ملکی بحری افواج کے سینئر افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے آغاز میں سبکدوش ہونے والے کمانڈر ، کموڈور محمد شعیب نے اس بحری اتحاد کی حالیہ کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا ۔ CTF151 کے لےے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل ڈونیگن نے کہا کہ اپنی کمانڈ کے دوران پاک بحریہ کے افسران اور سیلرز کی انتھک محنت کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیرِ انتظام علاقے کو مزید محفوظ بنانے کی وجہ بنی۔اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد کے تناظر میں کمبائنڈ ٹاسک فورس151- کا مقصد سمندر میں قذاقی کی روک تھام اور بیخ کنی ہے اورعلاقائی اورعالمی ممالک کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تاکہ آمدورفت کی آزادی اور بین الاقوامی بحری تجارت کو محفوظ بنایا جا سکے۔