اپوزیشن کی انتخابی حکمت عملی کا توڑ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام تیز کرنے کا حکم دیدیا
ملتان (محمد نوید شاہ سے) مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن جماعتوں کی حکمت عملی کے توڑ کے لئے جنوبی پنجاب میں الیکشن سے قبل ڈیرے ڈالنے کا پروگرام ترتیب دے دیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے اہم سیاستدانوں کے ساتھ اپنی ہونے والی میٹنگ کے بعد جنوبی پنجاب کے لئے میگا پراجیکٹ منصوبوں کے قیام اور ان پر جاری ترقیاتی کام تیز کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اراکین اسمبلی سمیت سیاسی رہنما¶ں کی ٹیم کی پیش کردہ قابل عمل تجاویز کو بجٹ برائے سال 2017-18 کا حصہ بنایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملتان سمیت ڈیرہ غازیخان‘ لیہ‘ راجن پور میں ہسپتالوں کے قیام سمیت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور تعلیمی اداروں کے قیام کے منصوبے اگلے بجٹ میں دیئے جا سکتے ہیں۔ تفصیل کے مطابق مسلم لیگ ن کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے پارٹی کے مختلف اجلاسوں میں اعلیٰ لیگی قیادت کو آگاہ کیا کہ مخالف اپوزیشن جماعتیں جنوبی پنجاب میں نقب لگا کر مسلم لیگ ن کا ووٹ بنک متاثر کر سکتی ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت جنوبی پنجاب کے اضلاع خصوصاً ملتان ڈیرہ غازیخان لیہ اور راجن پور کے لئے میگا پراجیکٹس کے اعلان کے ساتھ مختلف منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنا دے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چند روز قبل ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف سے ملاقات کی تھی جس میں اتفاق رائے سے جنوبی پنجاب کے لئے اراکین اسمبلی اور اہم سیاسی رہنما¶ں سے تجاویز مانگ لی گئی ہیں۔ اس رپورٹ کی روشنی میں ان تجاویز کو آئندہ صوبائی بجٹ کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔