• news

غازی رشید کیس: مشرف نے وطن واپسی پر سکیورٹی کیلئے ایک اور درخواست دائر کر دی

اسلام آباد (اے این این) سابق صدرپرویز مشرف کی وطن واپسی پر سکیورٹی کے لئے ایک اوردرخواست دائر کی گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے پرویزمشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے معاملے میں رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ پرویزمشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی سکیورٹی کے لئے ایک اوردرخواست دائرکرتے ہوئے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا انہوں نے اپنے موکل سے دبئی میں ملاقات کی، وہ واپس وطن آنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہیں سکیورٹی درکار ہے، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے سکیورٹی فراہم کرنا عدالت کا کام نہیں۔ سکیورٹی سے متعلق پہلے ہی فیصلہ دے چکے، اب مزید بات نہیں سن سکتے، جس پرسابق صدر کے وکیل نے کہا وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں، اس لیے وزارت دفاع کوسکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔ عدالت نے وزارت داخلہ کو جواب جمع کرانے کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت تک جواب جمع نہ کرایا گیا توعدالت ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے متعلق فیصلہ دے گی۔ کیس کی مزید سماعت 21 مارچ کو ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن