• news

کوئٹہ :پولیس کی موجودگی میں مسلح افراد کی فائرنگ، 3 افراد شدید زخمی، حملہ آور فرار

کوئٹہ (آن لائن)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے میں 4مسلح افراد نے دن دہاڑے پولیس کی موجود گی میں 3افراد پر فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا اور بعد میں ا نہیں شدید زدکوب بھی کیاگیا حملہ آور موقع سے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے منان چوک پر گاڑی میں سوار ایک شخص نے اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کرکے فائرنگ کردی جس سے 3افراد محمد آصف، زمان اور دائود کو زخمی کردیا حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد زخمیوں کو شدید زدوکوب کیا علاقے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار حملہ آوروں کی دیدہ دلیری کو دیکھتے رہے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر چلنے کے بعد ریجنل پولیس آفیسر بلوچستان وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی نشاندہی اور شناخت ہونے کے بعد انکی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور فرائض میں غفلت بھرتنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف محکمانہ تادیبی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کی جانب سے ملزمان کی نشاندہی کے بعد انکی فوری گرفتاری کے احکامات دیئے گئے اور پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتار کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس کے مطابق دیرینہ رنجش کی وجہ سے دونوں گروپوں کا آمنا سامنا ہوا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن