• news

,پاکستان میں اب بھی 2 کروڑ سے زائد بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں، شرح میں کمی

لاہور (این این آئی) پاکستان میں تعلیم سے متعلق نئی رپورٹ کے مطابق ملک میں اب بھی 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں اور انکی عمریں 5 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔ پاکستان ایجوکیشن اسٹیٹسٹک 2015-16ءنامی اس رپورٹ کے مطابق سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 2 کروڑ 40 لاکھ تھی جس میں اب کمی آئی ہے۔ حکام کے مطابق 2012ءمیں تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر تھے اور 2015 میں یہ تعداد کم ہو کر 2 کروڑ 40 لاکھ ہو گئی تھی۔ اگرچہ حکومت کی طرف سے یہ کہا گیا ہے کہ سکولوں سے باہر طالب علموں کی تعداد میں سالانہ 3 فیصد تک کمی آئی ہے اور پرائمری تعلیم میں داخلوں کی شرح میں بھی بہتری آئی ہے لیکن نئی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پرائمری سطح کے سکولوں میں سے 21 فیصد سکول ایسے ہیں جن میں صرف ایک استاد تعینات ہے جبکہ 14 فیصد سکول محض ایک کمرے کی عمارت پر مشتمل ہیں۔ پاکستان کے آئین کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ ماہر تعلیم اور تجزیہ کار اے ایچ نیئر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ تعلیم کی حالت زار اسی صورت بہتر ہو سکتی ہے جب تعلیم کے شعبے کیلئے مختص بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن