• news

فیصل آباد: ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ممتاز چیمہ کو تحریک انصاف سے نکال دیا گیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے میئر اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات اور اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کے دوران تحریک انصاف کی طرف سے موزوں امیدواروں کو ٹکٹ جاری نہ کرنے اور تحریک انصاف کے میئر اور ڈپٹی میئرز کے پورے پینل کی طرف سے مسلم لیگ(ن) کو ووٹ ڈالنے کے خلاف تحریک انصاف کی سینٹرل ڈسپلنری کمیٹی نے اپنا فیصلہ جاری کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سٹی میئر کے امیدوار ممتاز علی چیمہ کو پارٹی سے نکال دیا ہے جبکہ سٹی صدر ڈاکٹر اسدمعظم، فیض اللہ کموکا، ضلعی صدر جاوید نیاز منج کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ ڈاکٹر حسن مسعود ملک کو جنرل سیکرٹری فیصل آباد کے عہدے پر بحال کرتے ہوئے ویسٹ پنجاب ونگ کے نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا ہے جبکہ میاں فرخ حبیب کو ہدایت کی ہے کہ بنی گالہ اسلام آباد میں وقت گزارنے کی بجائے فیصل آباد میں اپنے حلقے میں موجود رہیں اور اپنے حلقے پر بھرپور توجہ دیں۔ ڈاکٹر اسدمعظم، فیض اللہ کموکا اور جاوید نیاز منج کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ سینٹرل ڈسپلنری کمیٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق سات نکات پر مبنی انکوائری رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں ممتاز علی چیمہ کی پارٹی رکنیت ختم کر کے انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ ویسٹ پنجاب ونگ کے صدر چوہدری محمد اشفاق کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے دوران امیدواروں کے چنا¶ اور مختلف مراحل میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے دوران کمزور کارکردگی پر بھی پارٹی تحقیقاتی کمیٹی سے زیادہ تعاون نہیں کیا اس لئے انہیں چیئرمین عمران خان کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سٹی اور ضلعی تنظیم کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں۔ سٹی صدر ڈاکٹر اسدمعظم کو عمران خان کی طرف سے وارننگ جاری کرتے ہوئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے انہوں نے فیصل آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران موزوں امیدواروں کے چنا¶ میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔ فیض اللہ کموکا کو ویسٹ پنجاب ونگ سے قریبی رابطہ رکھنے کے باوجود سٹی کونسلز اور یونین کونسلز میں اچھے امیدواروں کے چنا¶ کے لئے غفلت برتنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔ ضلعی صدر جاوید نیاز منج کی بھی سرزنش کرتے ہوئے انہیں وارننگ جاری کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن