ون بیلٹ ون روڈ، تجارتی حجم میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوا: چینی وزیر تجارت
بیجنگ (آ ئی این پی) چین کے وزیر تجارت چونگ شان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت ون بیلٹ ون روڈ ممالک کے ساتھ چین کے تجارتی حجم میں اربوں ڈالرز کا قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، منصوبہ کے تحت پاکستان سمیت متعلقہ ممالک میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہو چکے ہیں، چین کی ٹیکنالوجی اور تجربہ دنیا بھر میں منتقل ہورہا ہے۔ چین کی قومی عوامی کانگریس کی سائیڈ لائنز پر پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت بیلٹ و روڈ ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں اربوں ڈالرز کا اضافہ گزشتہ تین سال میں ریکارڈ کیا گیا، چین میں رواں سال منعقد ہونے والی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی کانفرنس میں 20 سربراہان مملکت، 50 عالمی اداروں کے نمائندے، 100سے زائد ممالک کے وزراءاور متعدد ممالک و خطوں سے 1200سے زائد وفود شرکت کریں گے۔
بیلٹ و روڈ مما لک میں 18.5ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سے 56 معاشی زونز قائم کئے جا رہے ہیں، متعلقہ ممالک میں انفراسٹرکچر منصوبوں کا خیرمقد م کیا جا رہا ہے۔ پاکستان سمیت تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ کارو بار کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ چونگ شان نے چین اور امریکا کے مابین تجارتی جنگ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا یہ اقدام کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، دونوں ممالک کو نقصان کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک اختلافات کو نمٹاتے ہوئے تعاون کو فروغ دیں اور اس کے علاوہ کوئی بھی راستہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔
چینی وزیر تجارت