:::عمران 2018ءکے بعد سیاست میں نمبرون ریلو کٹا ہونگے: رانا ثنا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کا فیصلہ مسلم لیگ ن میں اعلیٰ سطح پر کیا گیا۔ ہمارے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے سسٹم میں ججز کی سکیورٹی داﺅ پر ہوتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فوجی عدالتوں پر( ن) لیگ کے اندر بھی اختلاف تھا۔ فوجی عدالتوں کی جب بھی حمایت ہوئی غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدام کے طور پر ہوئی۔ عمران خان کے ترجمان نعیم الحق پر تحریک انصاف کے ریلو کٹا کا لفظ فٹ بیٹھتا ہے اور چودھری سرور پھٹیچر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ عمران خان 2018ءکے بعد سیاست میں نمبر ون ریلو کٹا ہوں گے۔ سب کا یہ مﺅقف ہے کہ اس وقت ملک میں غیرمعمولی حالات ہیں‘ تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ عمران خان کا مراد سعید کے اقدام پر بیان قابل مذمت ہے۔ اپنی کارکردگی چھپانے کیلئے ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ اگلے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے سے بھی کامیاب ہوگی۔ یہ ریلو کٹے اب فارغ ہو گئے ہیں‘بعدازاں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ریسٹورنٹ انوائس مینجمنٹ سسٹم کے اجرا کے سلسلے میں افتتاحی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاﷲ نے ریسٹورنٹ انوائس مینجمنٹ سسٹم کی امانت سکیم کے تحت نویں ‘ دسویں ‘ اور گیارویںکمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی بھی کی جبکہ لاہور میں ساتویں اور آٹھویں قرعہ اندازی کے خوش نصیبوں میں کاریں ‘ موٹر سائیکلز ‘عمرہ کے ٹکٹس اور دیگر پرکشش انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں اس سسٹم کے اجراءسے سیلز ٹیکس کا حجم 5.215 ملین روپے سے بڑھ کر 9.384 ملین روپے ہو گیا ہے جبکہ قابل ٹیکس غیر رجسٹرڈ ہوٹلز کو اس نیٹ میں لایا جائے گا لہذا ہوٹلز صارفین سیلز ٹیکس والی حقیقی رسید ضرور حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں اربوں روپے کی لاگت سے شہری ترقی اور عوامی سہولت کے متعدد میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں اور بلدیاتی اداروں کی معاونت سے امانت اور دیانت کے ساتھ خدمت کا یہ عمل جاری رہیگا ۔ چیئرمین پی آر اے ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کہا کہ لاہور میں کامیابی کے بعد اس سسٹم کا دائرہ فیصل آباد اور صوبہ کے دیگر شہروں تک پھیلایا جارہا ہے۔
رانا ثنا