پانامہ کیس کا فیصلہ آنے تک فوجی عدالتیں نہیں بنیں گی: شیخ رشید
اسلام آباد(آن لائن+ صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے تک فوجی عدالتیں نہیں بنیں گی، ایک دو ہفتے میں نون لیگ کا جنازہ نکل جائے گا، ڈر ہے کسی دن اسمبلی میں گولی یا چھری نہ چل جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کا ماحول قابل تعریف نہیں ہے، میری سپیکر سے صلح ہوئی لیکن پھر بھی 3سال میں تین بار ہی مائیک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دو ہفتے تک نون لیگ کا جنازہ نکل جائے گا، پانامہ کیس کا فیصلہ آنے تک فوجی عدالتیں نہیں بنیں گی، نوازشریف اور آصف علی زرداری فوجی عدالتوں پر ایک ہیں، اس معاملے میں نواز اور زرداری کی خفیہ ملاقات بھی ہوئی ہے۔ پارلیمنٹ میں چھری یا گولی چلنے کے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کو بہت سنجیدہ تھریٹ ہے۔ شیخ رشید نے کہا امید ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ دس سے پندرہ دن میں آجائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017ء میں الیکشن ہونے یا نہ ہونے کا تو نہیں پتا مگر یہ بہت دہشتناک اور وحشتناک سال ہے۔