• news

عرب امارات: پاؤں سے بدبو آنے پر جھگڑا ‘پاکستانی نے ہم وطن ساتھی قتل کر دیا

ابوظہبی (آن لائن) متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے ایک پاکستانی الیکٹریشن نے معمولی بات پر مشتعل ہوکر اپنے ہی ہم وطن کا گلا کاٹ ڈالا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 22 سالہ پاکستانی الیکٹریشن اور اس کا ساتھی دوپہر کے وقفے کے دوران آرام کے لئے کمرے میں گئے تھے لیکن کچھ ہی دیر بعد پتہ چلا کہ دونوں میں شدید لڑائی ہوئی تھی۔ ساتھی محنت کشوں نے مداخلت کرکے لڑائی رکوائی لیکن چند لمحے بعد ہی 22 سالہ ملزم نے اپنے ہم وطن محنت کش پر حملہ کرکے اس کا گلا کاٹ ڈالا۔ ملزم نے پولیس کو بتایاکہ جب وہ آرام کے لئے لیٹے تو اس کے ساتھی نے اپنے پائوں اس کے منہ کے سامنے رکھ دئیے، جن سے شدید بدبو آرہی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے ساتھی کو پائوں پیچھے کرنے کو کہا مگر اس نے بات نہ مانی جس پر دونوں کے درمیان لڑائی ہوگئی۔ خون میں لت پت نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ملزم نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے ساتھی محنت کش کو ہلاک نہیں کرنا چاہتا تھا بلکہ مشتعل ہوکر حملہ کر بیٹھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن