’’گردشی قرضے 4 کھرب 14 ارب تک پہنچ گئے‘‘
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) حکومت ایک دفعہ پھر گردشی قرضوں کے جال میں پھنس گئی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت پاور سیکٹر کے گردشی قرضے 4 کھرب 14 ارب تک پہنچ گئے۔ نجی پاور کمپنیوں آئی پی پیز نے وصولیوں کیلئے پی پی آئی بی کو نوٹس بھجوا دیا۔ ادائیگیوں کے حوالے سے پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ اور آئی پی پیز حکام کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا۔ حکومت نے رواں ماہ کے دوران تیس ارب روپے کی ادائیگی کی ہے۔ عدم ادائیگیوں کے باعث تیرہ آئی پیز نے حکومت سے زرضمانت بھی طلب کر رکھا ہے۔ صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے مزید چالیس ارب کی فوری ادائیگی ضروری ہے۔ پی پی آئی بی اور وزارت پانی و بجلی کی کوشش ہے کہ ادائیگیوں کیلئے مہلت مل جائے۔ آئی پی پیز مہلت کی بجائے فوری ادائیگیوں کیلئے دباؤ ڈال رہی ہیں۔آج ہونے والے اجلاس میں ادائیگیوں کے حوالے سے ٹائم فریم پر تبادلہ خیال کئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وزارت پانی و بجلی نے متعدد بار وزارت خزانہ سے کہا ہے کہ250 ارب کی سالانہ سبسڈی پر صرف90 ارب کی ادائیگی کی جاتی ہے جس سے گردشی قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔